گمنام مداح نے وصیت میں اپنا سب کچھ فٹبالر نیمار کے نام کردیا

 برازیل کے فٹبالر نیمار جونیئر دنیا کے امیر ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں مگر ان کی دولت میں مزید اضافہ ایک مداح کی وجہ سے ہونے والا ہے۔



برازیل سے تعلق رکھنے والے ایک گمنام مداح نے اپنی وصیت میں تمام اثاثے نیمار جونیئر کے نام کر دیے ہیں۔


اس گمنام مداح نے بتایا کہ وہ برازیل کی فٹبال ٹیم اور اس کی تاریخ سے محبت کرتا ہے مگر نیمار جونیئر سب سے الگ ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ اس نے وصیت میں فٹبالر کو اپنا وارث بنانے کا فیصلہ کیا۔


برازیلین میڈیا کو دیے گیے ایک انٹرویو میں اس فرد نے کہا کہ 'میں نیمار کو پسند کرتا ہوں اور فٹبالر کا اپنے والد سے تعلق مجھے اپنے والد کی یاد دلاتا ہے جو دنیا سے گزر چکے ہیں'۔


مداح نے کہا کہ 'میری صحت اچھی نہیں اور مجھے کوئی ایسا فرد نظر نہیں آتا جس کو میں اپنا وارث بناؤں، میں نہیں چاہتا کہ حکومت یا رشتے دار میری چیزوں پر قبضہ کریں'۔


30 سالہ مداح کا کہنا تھا کہ وہ پہلے بھی اپنے اثاثے نیمار جونیئر کو دینے کی ناکام کوشش کر چکا ہے مگر اب قانونی انداز سے ایسا کیا جا رہا ہے۔


فرانس کے کلب پیرس سینٹ جرمن کے لیے کھیلنے والے نیمار جونیئر کو 2023 کے ساڑھے 8 کروڑ ڈالرز کی آمدنی ہو گی۔


اس حوالے سے مداح نے کہا کہ 'مجھے نیمار کی آمدنی کا علم ہے مگر وہ لالچی نہیں اور ایسے افراد اب نایاب ہو چکے ہیں'۔

Previous Post Next Post