نئی فلم کے لیے ٹام کروز کا دھڑکنیں روک دینے والا اسٹنٹ

 ہالی وڈ کے 60 سالہ اسٹار ٹام کروز شوٹنگ کے دوران خطرناک اسٹنٹ خود کرنے کے لیے مشہور ہیں اور اس کے لیے اسٹنٹ مین کا سہارا نہیں لیتے۔



ان کی نئی فلم مشن امپاسبل 7 یا مشن امپاسبل ڈیڈ ریکنگ پارٹ 1 جولائی کے دوسرے ہفتے میں ریلیز ہو رہی ہے، جس میں بھی اداکار متعدد اسٹنٹس کرتے نظر آئیں گے۔

درحقیقت اس فلم کے ایک اسٹنٹ کو تو اداکار نے اپنی زندگی کا خطرناک ترین اسٹنٹ قرار دیا ہے۔

اس اسٹنٹ کی ویڈیو ٹام کروز نے ایک ٹوئٹ میں شیئر کی ہے جس میں اداکار ایک پہاڑی سے موٹرسائیکل کے ذریعے نیچے چھلانگ لگا رہے ہیں۔


ویڈیو میں ٹام کروز اور فلم کے ڈائریکٹر کرسٹوفر میکوائر نے اسٹنٹ پر بات کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ وہ بہت خطرناک تھا۔

ٹام کروز نے ایک موقع پر کہا کہ 'جو میں کر رہا ہوں وہ ایک خوفناک خیال تھا'، مگر اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ 'ہم کب آغاز کر رہے ہیں'۔


اس کے بعد ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ٹام کروز نے دھڑکنیں روکنے والا اسٹنٹ کیا اور موٹرسائیکل سے نیچے گہرائی میں چھلانگ لگا دی۔


انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ 'ہم ایسا کیوں کر رہے ہیں؟ کیونکہ یہ مشن امپاسبل ہے'۔

اس اسٹنٹ کے لیے ٹام کروز نے 50 اسکائی ڈائیونگ سیشنز میں شرکت کی اور 13 ہزار بار موٹرسائیکل سے جمپ لگائی۔

اس کے بارے میں کچھ عرصے قبل ایک انٹرویو میں اداکار کا کہنا تھا کہ یہ ان کی زندگی کا خطرناک ترین اسٹنٹ تھا اور ذرا سی غلطی بھاری پڑسکتی تھی۔


اس اسٹنٹ کو فلم کی شوٹنگ کے پہلے دن عکسبند کیا گیا تھا۔

فلم میں ٹام کروز ایک بار پھر آئی ایم ایف ایجنٹ ایتھن ہنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں اور اس کا ایک ٹریلر مئی 2023 میں جاری کیا گیا تھا۔

اس ٹریلر میں بھی مختلف اسٹنٹس دکھائے گئے ہیں۔


مشن امپاسبل 7 میں ٹام کروز کے ساتھ ان کی ٹیم میں شامل ربیکا فرگوسن، سائمن پیگ اور وائنگ رحمس کی بھی واپسی ہوگی جبکہ چند نئے کرداروں کو بھی متعارف کرایا جائے گا۔

Previous Post Next Post