نیویارک: انعام حاصل کرنے کی خوشی میں ایک شخص نے اتنی شدت سے ہاتھ ہلائے کہ ان کا کندھا اپنی جگہ چھوڑ گیا لیکن وہ اس تکلیف کو برداشت کرتے ہوئے بھی پروگرام میں موجود رہے۔
’دی پرائس از رائٹ‘ نامی امریکی انعام گھر مقابلہ دنیا میں بھر میں مشہور ہیں جہاں شرکا کو لاکھوں ڈالر کے انعام دیئے جاتےہیں۔ اس میں مہمانوں کو کسی شے کی درست قیمت بتانا ہوتی ہے۔
بونکرز نامی گیم میں ایک شریک مہمان ہینری نامی شخص سے سے جب جزیرہ ہوائی کے سفر کے اخراجات پوچھے گئے تو اس نے پہلی ہی کوشش میں بالکل درست جواب دیا۔ اس کے بعد وہ خوشی سے بے حال ہوکر اچھلنے کودنے لگے اور وہا میں تیزی سے مُکہ لہرایا تو اسی کوشش میں ان کا کندھا اترگیا اور ہاتھ شل ہوگیا۔
مقابلے کے میزبان ڈریوکیری نے بتایا کہ جیتنے کی خوشی میں جب ہینری نے اپنے بازو کو جھٹکا دیا تو ان کا کاندھا اترگیا۔ اس کے بعد اسٹیج پر انکی بیگم، ایلِس کو بلایا گیا۔ انہوں نے اپنے شوہر کی جانب سے اسٹیج پر لگا انعامی پہیہ گھمایا۔ اس طرح انہوں نے اپنی بیگم کے ساتھ ہوائی کی شاندار سیر اور دیگر کئی انعامات جیتےہیں۔
واضح رہے کہ اس تیزرفتار گیم شو میں پہلے بھی کئی شریک افراد زخمی ہوچکے ہیں اور اسٹیج پر گر بھی چکے ہیں۔