لاہور میں دو کمسن بھائیوں کی موت کے دلخراش واقعے نے دیکھنے والی ہر آنکھ نم کر دی، تین سال کے راحیل اور پانچ سال کے ارشد کی لاشیں آٹے کے خالی کنستر سے ملیں، کنستر کاٹ کر لاشیں نکالی گئیں۔
لاہور کے علاقے ملت پارک میں دو کمسن بھائیوں کی اپنے ہی گھر میں موت کا پر اسرار اور دلخراش واقعہ پیش آیا، تین سال کے راحیل اور پانچ سال کے ارشد کی لاشیں آٹے کے ڈبے سے نکلیں، دونوں بچے برُ ی طرح ڈبے میں پھنسے ہوئے تھے، دونوں کو باہر نکالنے کےلیے ڈبا کاٹا گیا۔
پولیس کے مطابق والد نے جمعے کو دونوں بچوں کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرایا تھا، تب سے گھر والے تلاش میں مصروف تھے، آج تعفن اٹھنے پر آٹے کا ڈبا کھولا گیا تو لاشیں ملیں۔
گھر والوں نے شبہ ظاہر کیا ہےکہ بچے کھیل کے دوران ڈبے میں چھپ گئے ہوں گے، اتنی تنگ جگہ میں دونوں بچے کیسے آئے جس جگہ دونوں کا ایک ساتھ آنا مشکل تھا تو ڈھکن کیسے بند کیا ہو گا، افسوسناک واقعے پر کئی سوال اٹھ گئے۔
ملت پارک کے گھر میں پیش آیا واقعہ حادثہ تھا یا قتل، پولیس تمام زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے۔ کیا چُھپن چُھپائی کا کھیل دونوں کمسن بچوں کی جان لے گیا یا کچھ اور سبب بنا؟ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آ سکیں گے۔