گانا ' تم کو دیکھا ' نشے کی حالت میں 9 منٹ میں لکھا: جاوید اختر

 معروف گیت نگار ، مصنف و شاعر جاوید اختر نے انکشاف کیا ہے کہ  انہوں نے  'تم کو دیکھا' گانا نشے کی حالت میں 9 منٹ میں لکھا تھا۔



بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ فلموں کیلئے گانے لکھنے والے معروف گیت نگار جاوید اختر نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران بتایا کہ انہوں نے چند مشہور گانے صرف 10  منٹ سے بھی کم وقت میں لکھے  اور انہوں نے پرانے وقتوں کا مشہور ترین گانا 'تم کو دیکھا تو یہ خیال آیا' گانا صرف 9 منٹ میں لکھا تھا۔


 جاوید اختر کا کہنا تھا کہ اس بات کو میں اتنے  یقین سے اس لیے بول رہا ہوں کیونکہ میری اہلیہ  اداکارہ شبانہ اعظمی اکثر طنز کرتی ہیں کہ اگر پروڈیوسرز کو معلوم ہوتا کہ انہیں گانے لکھنے میں کتنا وقت لگتا ہے تو وہ انہیں معاوضہ دینے سے انکار کر دیتے۔

دوران  گفتگو   اس گانے سے متعلق قصہ بتاتے ہوئے جاوید اختر نے کہا کہ   بھارتی فلم ڈائریکٹر یش چوپڑا  کے  اسسٹنٹ نے  میرے پاس آکر  درخواست کی کہ میں ان کی فلم کیلئے گانے لکھوں لیکن  اس کے پاس پیسے  نہیں تھے، میں نے گانا لکھنے پر حامی بھر لی،  میں ان دنوں شراب بھی پیتا تھا  اور چونکہ میں نے مفت میں کام کیا تھا اس وجہ سے گانا نامکمل رہ گیا اور وہ غریب آدمی ہر شام میرے پاس آکر گانا مانگا کرتا لیکن میں اسے مکمل نہیں کرپاتا۔


جاوید اختر نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ ہر شام ہم دونوں شراب پیتے اور رات دیرتک باتیں کرتے اور  اگلے روز گانا مکمل کرنے کا ارادہ کرتے، پھر ایک رات اس غریب آدمی نے مجھ سے ایک بار پھر  گانے کا پوچھا ، اس دوران میں نے 8 سے 9 گلاس شراب پی رکھی تھی پھر میں نے کاغذ اور قلم مانگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں یہ یقین سے اس لیے بول سکتا ہوں کہ اس غریب آدمی کو ٹرین میں جانا تھا اور میں نے 9 منٹ میں گانا لکھ کر اسے تھما دیا، 'وہ گانا تم کو دیکھا تو خیال آیا' تھا جسے جگجیت سنگھ نے گایا تھا۔


جاوید اختر نے مزید بتایا کہ یہ گانا فلم 'ساتھ ساتھ' کیلئے بنایا گیا تھا جو 1982 میں ریلیز ہوئی تھی اس فلم  میں  فاروق شیخ، دیپتی نیول، ستیش شاہ اور نینا گپتا نے اداکاری کی تھی۔

Previous Post Next Post