پولیس نے انوکھی ترکیب سے 8 کروڑ روپے چُرانے والے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا

 اتراکھنڈ: بھارت میں پولیس نے کمال مہارت اور ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 کروڑ روپوں کی ڈکیتی کرنے والے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔



بھارتی میڈیا کے مطابق میاں بیوی نے 10 جون کو کیش مینجمنٹ فرم کے دفتر سے 8 کروڑ روپے چُرا لیے تھے اور پولیس کئی روز گزر جانے کے باوجود ان کا سراغ لگانے میں ناکام رہی تھی۔

پولیس کو ملزمان کی ایک گردوارے میں آمد کی اطلاع ملی۔ پُرہجوم مقام پر جہاں مذہبی رسومات بھی ادا کی جا رہی ہوں۔ ایسی جگہ سے دو لوگوں کو شناخت کرنا اور پھر بغیر کسی بدمزگی کے گرفتار کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف تھا۔

اس لیے اتراکھنڈ کی پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایک انوکھا منصوبہ بنایا جس پر گردوارے کی انتظامیہ کے صرف اہم ارکان کو اعتماد لیا گیا تھا۔ گردوارے کی انتظامیہ نے پولیس کی درخواست پر شربت کے اسٹالز لگائے۔


پولیس کی توقع کے عین مطابق ملزم جوڑا بھی شربت پینے ایک اسٹال پر آیا اور ماسک اتار کر شربت پینے لگا۔ سادہ لباس میں موجود پولیس اہلکاروں نے انھیں پہچان لیا لیکن رش اتنا تھا کہ گرفتاری ممکن نہ تھی۔


سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکاروں نے ملزمان کا تعاقب کیا اور ڈکیتی کرنے والی سرغنہ مندیپ کور اور اس کے شوہر جسوندر سنگھ کو ان کے گھر کے نزدیک سے گرفتار کرلیا۔


پولیس کا دعویٰ ہے کہ جوڑے کے قبضے سے 21 لاکھ روپے کی رقم موقع پر ہی برآمد کرلی جب کہ مزید 6 کروڑ روپے ان کی نشاندہی پر برآمد کی گئی۔

Previous Post Next Post