بھارتی ریاست مہارشٹرا کے شہر ناگپور میں3 دہائیوں سے زائد حاملہ خاتون کی طرح دکھنے والے سنجو بھگت نامی شخص نے ماہرین طب کو بھی دنگ کر دیا۔
انڈیا ٹائمز پر ناگپور کے 60 سالہ سنجو بھگت کی کہانی شیئر کی گئی ہے جس کے مطابق سنجو کو پیٹ کی غیر معمولی جسامت کی بنا پر برسوں حاملہ مرد کہا جاتا رہا لیکن سنجو پر یہ حقیقت حال ہی میں آشکار ہوئی کہ ان کے پیٹ کے غیر معمولی حد تک پھولے ہونے کی وجہ ان کے اپنی ہی جڑواں بہن یا بھائی کی باقیات کی موجودگی ہے۔
’فیٹس ان فیٹس‘
بھارتی میڈیا کے مطابق 1963 میں پیدا ہونے والے سنجو بھگت غیر طبی مسئلے 'فیٹس ان فیٹس ‘ میں مبتلا تھے تاہم اب سرجری کے بعد انھیں اس کیفیت سے نجات حاصل ہوچکی ہے ۔
'فیٹس ان فیٹس' ایک ایسی غیر معمولی طبی کیفیت ہے جس میں جڑواں بچوں میں سے کوئی ایک جنین نامکمل رہتے ہوئے تندرست بچے کے جنین سے منسلک ہوجاتا ہے اور یہ کیفیت انسانی باقیات کی صورت تندرست انسان کے پیٹ میں ایک حد تک پروان بھی چڑھتی ہے۔
بھارتی ڈاکٹر کے مطابق 5 لاکھ پیدا ہونے والے جڑواں بچوں میں سے ایک میں یہ کیفیت پائی جاسکتی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سنجو برسوں تک اپنی بیماری کی حقیقت سے لاعلم رہے لیکن اس دوران جسمانی ساخت میں تبدیلی نے انہیں اپنوں سے دور کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 20 سال بعد سنجو کے پیٹ نے خوفناک حد تک پھولنا شروع کردیا حتیٰ کہ انہیں سانس لینے میں دشواری محسوس ہونے لگی۔
سانس میں تکلیف کے پیش نظر انہیں ممبئی کے اسپتال میں داخل کروایا گیا، پہلے پہل ڈاکٹروں نے سنجو کی بیماری کو رسولی کی غیر معمولی جسامت سمجھا، بعد ازاں سرجری کے دوران ڈاکٹر بھی یہ دیکھ کر دنگ رہ گئے کہ سنجو کے پیٹ میں انسانی جنین ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق سنجو میں موجود انسانی جنین میں کئی ہڈیاں بھی موجود تھیں ، ڈاکٹروں کے مطابق سرجری کے دوران موجود ڈاکٹر یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کیوں کہ یہ سرجری ہمارے لیے چونکا دینے والی تھی۔