پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر نورالحق قادری کی کارکنوں کو پیغام دینے کی مبینہ آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
آڈیو میں نورالحق قادری کارکنوں کو پیغام دے رہے ہیں کہ کسی صورت گرفتاری نہ دیں، میں بھی مقامات بدلتا رہتا ہوں۔
سابق وفاقی وزیر نورالحق قادری مبینہ آڈیو میں کارکنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ’ملک بھر میں پارٹی پر اس طرح کی کیفیت ہے جس کا ہمیں پہلے سے پتا تھا، لیکن آپ کسی صورت گرفتاری نہ دیں، میں خود کو بھی چھپا ہوا ہوں، 9 مئی سے اپنے گھر نہیں گیا۔‘
نور الحق قادری نے مبینہ آڈیو میں کہا کہ میں کبھی ایک جگہ اور کبھی دوسری جگہ ہوتا ہوں، پارٹی کی طرف سے ہدایت ہے کہ جو خود کو بچا سکتا ہے بچائے، گرفتاری تو آسان ہے لیکن بعد میں اور مقدمے درج کیے جاتے ہیں۔
نورالحق قادری نے کہا کہ سب دوست صبر اور حوصلے سے کام لیں، یہ ہماری تحریک کے آخری لمحے ہیں۔