پیٹ میں کیڑے ہونا ایک عام مسئلہ ہے جو مختلف پیچیدگیوں کا باعث بن سکتا ہے۔
ایسے متعدد کیڑے ہوتے ہیں جو پیٹ میں پہنچ جاتے ہیں۔
عموماً اس طرح کے انفیکشن کی شدت معمولی ہوتی ہے اور ادویات کے ذریعے علاج ممکن ہے۔
تاہم اکثر کیسز میں لوگوں کو علم ہی نہیں ہوتا کہ پیٹ میں کیڑے موجود ہیں تو ان کی علامات کے بارے میں جاننا اس حوالے سے مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
علامات
پیٹ درد، ہیضہ، قے یا متلی، گیس، پیٹ پھولنا، تھکاوٹ، جسمانی وزن میں کسی وجہ کے بغیر تبدیلی اور پیٹ سخت ہونا پیٹ میں کیڑوں کی عام علامات ہیں۔
پیٹ میں کیڑے ہونے پر پیچش کی شکایت بھی ہوتی ہے جس کے دوران فضلے میں خون اور بلغم نظر آتا ہے۔
اکثر ایسا بھی ہوتا ہے کہ برسوں تک کسی قسم کی علامات سامنے نہیں آتیں۔
پیٹ میں کیڑے کیوں ہوتے ہیں؟
اکثر ایسے گوشت کو کھانے سے پیٹ میں کیڑے ہو جاتے ہیں جو صحیح طرح پکا ہوا نہیں ہوا۔
اس سے ہٹ کر آلودہ پانی، مٹی کھانے، نکاسی آب کے ناقص نظام اور صفائی کا خیال نہ رکھنے سے بھی پیٹ میں کیڑوں کا خطرہ بڑھتا ہے۔
خطرہ بڑھانے والے عناصر
بچوں میں اس کا امکان زیادہ ہوتا ہے کیونکہ وہ مٹی میں کھیلنا پسند کرتے یں۔
معمر افراد میں بھی کمزور مدافعتی نظام کے باعث اس مسئلے کا خطرہ بڑھتا ہے۔