ریاض : سعودی عرب کی کل آبادی تین کروڑ اکیس لاکھ سےتجاوز کرگئی ہے۔
سعودی محکمہ شماریات نےدوہزار بائیس تک کی آبادی کے اعداد و شمار کااعلان کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی مجموعی آبادی میں سعودی شہریوں کی تعداد ایک کروڑاٹھاسی لاکھ ہے جبکہ باقی غیر ملکی تارکین وطن ہیں۔
سعودی عرب کی مجموعی آبادی میں مردوں کی تعداد ایک کروڑ ستانوے لاکھ جبکہ خواتین کی تعداد ایک کروڑ پچیس لاکھ ہے۔
محکمہ شماریات کے مطابق آبادی کےلحاظ سے دارالحکومت ریاض سعودی عرب کاسب سے بڑا شہر ہے، جدہ دوسرا، مکہ تیسرا، مدینہ چوتھا اور دمام آبادی کے لحاظ سے پانچواں بڑا شہر ہے۔
دوہزار دس کے اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب کی مجموعی آبادی دو کروڑ چالیس لاکھ تھی، دوہزار دس سے دوہزار بائیس تک سعودی عرب میں آبادی کی سالانہ شرح نمو دو اعشاریہ پانچ فیصد رہی۔
محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی تریسٹھ فیصد آبادی تیس سال سے کم عمر ہے۔
کورونا وبا اور سعودی حکومت کی جانب سے ٹیکسز نافذ کیے جانے کی وجہ سے دوہزاربائیس میں تقریباً دس لاکھ تارکین وطن سعودی عرب چھوڑ گئے تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں بھی ساتویں مردم و خانہ شماری کا سلسلہ جاری ہے اور ادارہ شماریات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اب تک ہونے والی گنتی میں پاکستان کی مجموعی آبادی چوبیس کروڑ تینتیس لاکھ چھتیس ہزارتین سو چوون افراد تک پہنچ گئی ہے۔