فرانسیسی فٹبالر مباپے کا پاکستانی ہم شکل سوشل میڈیا پر وائرل

 کراچی: فرانس کے فٹبال اسٹار مباپے کا پاکستانی ہم شکل سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔



ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نامعلوم شخص قمیض شلوار پہن کر کسی عوامی اجتماع میں شریک ہے جس کی شکل فرانس کی فٹبال ٹیم کے کپتان مباپے سے کافی حد تک مماثلت رکھتی ہے۔

اس ویڈیو کلپ کو انسٹاگرام صارف نے کچھ ہفتے قبل شیئر کیا تھا جس کے ابتک ایک کروڑ ویوز اور دس لاکھ سے زیادہ لائکس ہوچکے ہیں۔

ویڈیو میں مباپے کے ہم شکل شخص کے عقب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جھنڈے بھی دکھائی دے رہے ہیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ ویڈیو اندرون سندھ یا پاکستان کے ہی کسی علاقے کی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر صارفین نے بھی دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ مباپے نے اپنے فٹبال کلب پی ایس جی کو چھوڑ کر جئے سندھ میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ مباپے کا لاہور فٹبال کلب سے معاہدہ ہوگیا ہے جبکہ ایک کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر چیز کی سیکنڈ کاپی مل جاتی ہے۔

ایک صارف نے پاکستان کی سیاست میں سیاسی جوڑ توڑ کے ماہر سمجھے جانے والے سابق صدر کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ لگتا ہے آصف زرداری نے مباپے کو خرید لیا ہے۔

Previous Post Next Post