بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ستیش کوشک کے 67 ویں یوم پیدائش پر انوپم کھیر نے ’ستیش کوشک نائٹ‘ کے نام سے منعقد کی گئی خصوصی تقریب کی میزبانی کی جس میں کئی مشہور شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں جہاں ستیش کوشک کی بیٹی ونشیکا کے لکھے گئے خط جس میں اس نے بتایا کہ وہ انہیں روز یاد کرتی ہے اور کمی محسوس کرتی ہے، نے حاضرین اور مداحوں کو افسردہ کیا وہیں انیل کپور کی وائرل ویڈیو پر بھی مداح دل شکستہ ہوگئے۔
ویڈیو کے آغاز میں اداکار انوپم کھیر نے اپنے بیسٹ فرینڈ ستیش کوشک کے ساتھ ہونے والی آخری گفتگو بتائی، اسی دوران انہوں نے حاضرین میں بیٹھے انیل کپور کو اسٹیج پر آنے کی دعوت دی۔
ابتدائی طور پر انیل سیٹ سے اٹھتے ہوئے ہچکچائے پھر سیڑھیوں سے نیچے جاتے ہوئے بلک بلک کر رو دیے جس کے بعد وہ واپس سیٹ پر جاکر بیٹھ گئے۔
انیل کپور کو اس حالت میں دیکھ کر انوپم کھیر بھی رو پڑے اور انہیں جذباتی کرنے پر ڈانٹا بھی۔
انوپم کھیر نے انیل کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ 'انیل آجاؤ اوپر، ہیرو ہمیشہ روتے ہیں اور دوست بھی ہمیشہ روتے ہیں، انیل تو پاگل ہے ، میں ٹھیک ٹھاک جا رہا تھا'۔
واضح رہے کہ رواں برس مارچ میں ستیش کوشک کو نئی دہلی میں کار میں سفرکے دوران دل کا دورہ پڑا تھا جس کے باعث وہ 66 برس کی عمر میں چل بسے۔
ستیش کوشک، انوپم کھیر اور انیل کپور تینوں ہی بچپن کے دوست تھے۔