ٹک ٹاک میں خاموشی سے ایک دلچسپ فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا ایپ میں ڈائریکٹ میسجز کے لیے اینی میٹڈ ویڈیو اسٹیکرز کے فیچر کو خاموشی سے متعارف کرا دیا گیا۔
یہ فیچر فروری میں متعارف کرایا گیا مگر اب کمپنی نے اس کی تصدیق کی ہے
یہ ویڈیو اسٹیکرز GIF تصاویر کی طرح کام کرتے ہیں اور صارفین خود بھی انہیں تیار کرکے ڈائریکٹ میسجز میں سینڈ کر سکتے ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ صارفین دیگر افراد کی جانب سے اپ لوڈ کیے گئے ویڈیو اسٹیکرز کو استعمال کر سکتے ہیں یا خود بھی انہیں تیار کر سکتے ہیں۔
تو اپنا اسٹیکر کیسے تیار کریں؟
اگر آپ اپنا ویڈیو اسٹیکر تیار کرنا چاہتے ہیں تو کسی ڈائریکٹ میسج ونڈو میں create اسٹیکر کے آپشن پر کلک کریں۔
اس کے بعد آپ ٹک ٹاک میں لائیکڈ، پوسٹڈ اور فیورٹ ویڈیوز میں سے کسی ویڈیو کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
جب ویڈیو منتخب کرلیں گے تو اس کے بعد آپ فیصلہ کر سکتے ہیں کہ اس کا کتنا حصہ اسٹیکر میں استعمال کر سکتے ہیں، جبکہ ٹیکسٹ کو بھی ایڈ کر سکتے ہیں۔
یہ اسٹیکر بار بار ڈائریکٹ میسجز میں استعمال کرنا ممکن ہوگا یا اسے ٹک ٹاک کے اسٹیکر اسٹور کا حصہ بھی بنا سکتے ہیں تاکہ دیگر افراد بھی اسے استعمال کر سکیں۔
اگر آپ اپنا اسٹیکر نہیں بناتا چاہتے تو انہیں سرچ کرکے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ ٹک ٹاک کی جانب سے ڈائریکٹ میسجز پر کافی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے تاکہ صارفین زیادہ وقت ایپ میں گزار سکیں۔
اس سے قبل کمپنی نے ڈائریکٹ میسجنگ سیٹنگ میں تبدیلی کی تھی تاکہ صارفین کو یہ اختیار حاصل ہو کہ کون انہیں میسج کر سکتا ہے۔