بھارت چین کو پیچھے چھوڑ کر دنیا میں سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن گیا ہے۔
یہ بات اقوام متحدہ کی جانب سے جاری نئے ڈیٹا میں سامنے آئی۔
بلومبرگ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کے ورلڈ پاپولیشن فنڈ کی جانب سے 2023 کے وسط تک آبادی کا ممکنہ ڈیٹا جاری کیا گیا ہے۔
اس ڈیٹا میں تخمینہ لگایا گیا کہ مطابق بھارت کی آبادی 1.428 ارب ہوگئی ہے۔
اس کے مقابلے میں چین کی آبادی اس وقت 1.425 ہے، یعنی بھارت کی آبادی چین کے مقابلے میں 29 لاکھ سے زیادہ ہے۔
یہ پہلی بار ہے جب چین کی جگہ بھارت دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک بنا ہے۔
ڈیٹا کے مطابق اگرچہ یہ تو واضح نہیں کہ بھارت کی آبادی کب چین سے زیادہ ہوئی مگر ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ چین کی آبادی میں گزشتہ سال تنزلی آنا شروع ہوئی جبکہ بھارت کی بڑھ رہی ہے۔
بھارت میں 50 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔
خیال رہے کہ چین کے محکمہ شماریات نے 17 جنوری 2023 کو بتایا تھا کہ ملکی آبادی 1.412 ارب ہے اور 1961 کے بعد پہلی بار آبادی میں کمی آئی ہے۔
بھارت کی جانب سے 2021 میں مردم شماری کا ڈیٹا جاری ہونا تھا مگر وہ اب تک جاری نہیں کیا گیا کیونکہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث مردم شماری کا عمل تاخیر کا شکار ہوا۔