امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہےکہ مصر نے روس کو 40 ہزار راکٹس خفیہ طور پر دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کےمطابق امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہےکہ مصر نے روس یوکرین جنگ کے دوران روس کی اسلحہ سپلائی میں مدد کے لیے اسے خفیہ طور پر 40 ہزار راکٹس دینے کا منصوبہ بنایا ہے جس کی تفصیلات امریکی انٹیلی جنس کی لیک دستاویزات سے حاصل کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے اعلیٰ عسکری حکام سے ایک اہم میٹنگ بھی کی ہے جس میں روس کو فوجی بنیادوں پر اسلحے کی فراہمی پر بات چیت کی گئی جب کہ اس دوران مصری صدر نے حکام کو یہ منصوبہ بندی خفیہ رکھنے کی ہدایت کی۔
رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس کی لیک دستاویزات پر 17 فروری کی تاریخ درج ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مصر کی جانب سے روس کو راکٹس کی فراہمی کی خبروں پر امریکی حکام نے حیرانی کا اظہار کیا ہے۔
امریکی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ اگر مصری صدر کی جانب سے روس کو خفیہ طور پر راکٹس فراہمی کی خبریں درست ہیں تو پھر ہمیں دونوں ممالک کے تعلقات کو سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے خفیہ دستاویزات پر کسی بھی تبصرے سے گریز کیا ہے۔