امتحانات میں کامیابی کا راز سامنے آگیا

 امتحانات میں کامیابی کے خواہشمند ہیں تو اس کا راز آپ کی نیند میں چھپا ہے۔



یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آئی۔

کارنیگی میلون یونیورسٹی کی تحقیق میں رات کی نیند کے دورانیے اور طالبعلموں کے امتحانی گریڈ کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔


تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ رات بھر میں 6 گھنٹے سے کم نیند سے طالبعلموں کے امتحانی نتائج پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اس سے قبل متعدد تحقیقی رپورٹس میں یہ ثابت ہو چکا ہے کہ نیند صحت اور کارکردگی کے حوالے سے بہت اہم ہوتی ہے۔

مگر اس تحقیق میں نیند اور تعلیمی کارکردگی کے درمیان تعلق کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔


محققین نے بتایا کہ رات کی نیند کے کم دورانیے سے طالبعلموں کے امتحانی گریڈ گھٹ سکتے ہیں بلکہ اس کے نتیجے میں ان کی کلاس رومز میں سیکھنے کی صلاحیت بھی متاثر ہوتی ہے۔

اس تحقیق میں 600 طالبعلموں کو شامل کیا گیا اور ٹریکرز کے ذریعے ان کی نیند کی عادات کا جائزہ لیا گیا۔


نتائج سے معلوم ہوا کہ نیند کی کمی کے شکار طالبعلموں کی تعلیمی کارکردگی میں نمایاں کمی آتی ہے اور امتحانات میں کم نمبر لینے کا امکان بڑھتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ جب آپ کی نیند کا دورانیہ 6 گھنٹے سے کم ہو جاتا ہے تو اس سے جسمانی نظام متاثر ہوتا ہے، یہاں تک کہ بھرپور کوشش کے باوجود بھی یہ اثر برقرار رہتا ہے۔


انہوں نے کہا کہ نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ نیند کی کمی کی قیمت ہمیں تعلیمی میدان میں چکانا پڑتی ہے اور اس لیے رات کی نیند کو اہمیت دینا ضروری ہے۔

اس تحقیق کے نتائج پروسیڈنگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز میں شائع ہوئے۔


Previous Post Next Post