کچا بادام گانے سے شہرت پانے والے مونگ پھلی فروش گلوکار بھبن بڈیاکر کے ساتھ دھوکا ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھبن بڈیاکر کا گانا کچا بادام کے کاپی رائٹس کسی میوزک کمپنی نے دھوکے بازی سے ہتھیا لیے۔
دھوکا دہی کے بعد بھبن بڈیاکر نہ تو اب اپنا گانا گاسکتے ہیں اور نہ ہی سوشل میڈیا پر گانے سے ہونے والی آمدنی لے سکتے ہیں۔
بھبن بڈیاکر نے اپنا گانا کچا بادام وائرل ہونے کے بعد اپنا گھر اور گاڑی بھی خرید لی تھی لیکن اس دھوکے کے بعد ایک بار پھر مشکلات نے بھبن کے گھر کا رخ کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں بھبن اپنی آپ بیتی سناتے ہوئے روپڑے اور بتایا کہ ’انہوں نے مشرقی بنگال کے لکشمی نارائن پور میں نیا گھر خریدا تھا لیکن ایک روز جب وہ اپنے گھر میں سو رہے تھے تو کچھ لوگوں نےگھر میں گھس کر ان کا آئی فون چھین لیا اور پیسوں کا مطالبہ کرنے لگے جس کے باعث انہیں اپنا گھر چھوڑ کر بھاگنا پڑا، اب ان کا خریدا ہوا گھر خالی پڑا ہے اور وہ خود ربراجپور میں رہائش پذیر ہیں‘۔