نیٹ فلکس کے ایک شو میں ایشوریہ رائے بچن اور مادھوری ڈکشٹ کے موازنے پر نازیبا گفتگو سے متعلق جیا بچن کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔
ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کو بھارتی اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کے حوالے سے نازیبا گفتگو نشر کرنے پر قانونی چارہ جوئی کا سامنا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف امریکی سِٹکام ’دی بگ بینگ تھیوری‘ کے دوسرے سیزن کی پہلی قسط میں مادھوری سے متعلق شو کے دو کرداروں کے درمیان نازیبا گفتگو دکھائی گئی۔
شو میں راج کوٹھراپالی کا کردار ادا کرنے والے کونال نیئر نے لیجنڈ بھارتی اداکارہ کے حوالے سے تضحیک آمیز جملے ادا کیے۔
یہ دیکھ کر مادھوری کے مداح اور مصنف و سوشل ایکٹیوسٹ متھون وجے کمار نے نیٹ فلکس کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔
اب اس معاملے پر ایشوریہ رائے بچن کی ساس اور لیجنڈ اداکارہ جیا بچن کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا سے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جیا بچن نے کہا کہ ’یہ بندہ (کونال نیئر) پاگل ہے کیا؟ بڑی گندی زبان ہے اس کی، اسے تو پاگل خانے بھیج دینا چاہیے اور اس کی فیملی سے پوچھنا چاہیے کہ ان کے بیٹے نے جو کہا اس بارے میں ان کے کیا خیالات ہیں۔‘
اس کے علاوہ سینیئر اداکارہ ارمیلا نے بھی اس معاملے پر اپنا ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’کیا؟! مجھے اس قسط کے بارے میں کچھ نہیں پتہ لہٰذا میں اس پر تبصرہ نہیں کروں گی البتہ اگر یہ سچ ہے تو یہ اشتعال انگیزی سے بھی بڑھ کر ہے، یہ ان کی انتہائی گھٹیا ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے، کیا واقعی وہ سمجھتے ہیں کہ یہ کوئی مذاق ہے؟‘
خیال رہے کہ پہلی قسط کے ایک سین میں شیلڈون کوپر کا کردار راج کوٹھراپالی سے گفتگو کرتے ہوئے ایشوریہ رائے کا مادھوری ڈکشٹ سے موازنہ کرتا ہے اور کہتا ہے کہ ’ایشوریہ رائے تو غریبوں کی مادھوی ڈکشٹ ہیں۔‘
جواب میں راج کوٹھراپالی نامی کردار کہتا ہے ’ایشوریہ رائے تو دیوی ہیں جبکہ مادھوری ڈکشٹ ہیں۔‘