کیا آپ جوڑوں کے درد میں مبتلا ہیں ؟ اگر ہاں تو آپ تنہا نہیں درحقیقت عمر کی چوتھی اور پانچویں دہائی میں اکثر افراد کو اس تکلیف کا سامنا ہوتا ہے۔
درحقیقت عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیاں بھی کمزور ہونے لگتی ہیں جس کے باعث جوڑوں کا درد لوگوں کو اپنا شکار بنالیتا ہے۔
عام طور پر یہ مرض خون میں یورک ایسڈ جمنے کے نتیجے میں ہوتا ہے۔
یہ یورک ایسڈ عام طورپر خون میں تحلیل ہوکر گردوں کے راستے پیشاب کے ذریعے نکل جاتا ہے مگر جب جسم میں اس کی زیادہ مقدار بننے لگے تو گردے اس سے نجات پانے میں ناکام رہتے ہیں۔
اس کے نتیجے میں یہ جوڑوں میں کرسٹل کی شکل میں جمنے لگتا ہے جس سے جوڑوں میں درد ہونے لگتا ہے۔
ویسے تو صرف غذا سے جوڑوں کی تکلیف کا علاج ممکن نہیں مگر اس سے آپ اپنی حالت کو کافی حد تک بہتر بنا سکتے ہیں۔
جوڑوں میں تکلیف کی متعدد اقسام ہیں اور لگ بھگ سب میں ورم کا کردار اہم ہوتا ہے۔
یعنی ورم کنٹرول کرنے سے جوڑوں کی تکلیف کی شدت میں بھی کمی آسکتی ہے اور اس حوالے سے چند غذائیں اہم ثابت ہوسکتی ہیں۔
مچھلی
زیادہ چربی والی مچھلی میں فیٹی ایسڈز کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔
یہ فیٹی ایسڈز جسمانی ورم میں کمی لاتے ہیں جس سے جوڑوں کی تکلیف کم ہو جاتی ہے۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ہفتے میں 2 یا اس سے زائد بار مچھلی کھانے سے جوڑوں کی تکلیف کی شدت میں نمایاں کمی آتی ہے۔
سبز پتوں والی سبزیاں
سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک اور ساگ میں وٹامن اے، سی، ای اور کے میگنیشم، پوٹاشیم، کیلشیئم اور آئرن سمیت فائبر اور اینٹی آکسائیڈنٹس موجود ہوتے ہیں۔
وٹامن کے ورم سے ہونے والے مسائل کی روک تھام کے لیے اہم ہوتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ پالک یا ساگ کھانے سے جوڑوں کی تکلیف کی شدت میں کمی آسکتی ہے۔
زیتون کا تیل
زیتون کا تیل بھی جسمانی ورم میں کمی لانے کے لیے مفید ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق زیتون کے تیل میں ایسے کیمیکلز ہوتے ہیں جو ورم کے ردعمل کو کم کرتے ہیں جس سے جوڑوں کی تکلیف میں کمی آتی ہے۔
بیریز
بلیو بیری، اسٹرابیری اور دیگر بیزیز ورم کش خصوصیات سے لیس ہوتی ہیں۔
ان میں متعدد وٹامنز، منرلز اور اینٹی آکسائیڈنٹس بھی موجود ہوتے ہیں جو جوڑوں کی تکلیف اور ورم میں کمی لانے کے لیے مدد فراہم کرتے ہیں۔
ترش پھل
مالٹے، لیموں اور گریپ فروٹ جیسے پھلوں میں فولیٹ، وٹامن سی اور دیگر منرلز کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق وٹامن سی سے جسم میں یورک ایسڈ کی سطح گھٹ جاتی ہے جس سے جوڑوں کے مسائل سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
سبز چائے
سبز چائے پینے کی عادت سے بھی جسمانی ورم میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سبز چائے میں موجود ای جی سی جی نامی جز جسمانی ورم میں کمی لاتا ہے۔
ایک اور تحقیق میں بتایا گیا کہ سبز چائے پینے سے جوڑوں کی تکلیف کی شدت میں کمی آتی ہے۔
سالم اناج
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سالم اناج جیسے جَویا براؤن چاول وغیرہ میں موجود فائبر، پروٹین اور دیگر اجزا سے جسمانی وزن میں کمی آتی ہے، جس سے جوڑوں کو فائدہ ہوتا ہے۔
لوبیا
لوبیا میں فائبر اور پروٹین کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ اس میں موجود دیگر اجزا سے بھی دل کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے اور جسمانی ورم میں کمی آتی ہے۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ جسمانی ورم میں کمی سے جوڑوں کی تکلیف میں کمی آتی ہے۔
لہسن اور پیاز
لہسن اور پیاز میں اینٹی آکسائیڈنٹ ہوتا ہے جو ورم سے ہونے والے امراض جیسے جوڑوں کی تکلیف میں کمی لاتا ہے۔