فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے انڈونیشیا سے انڈ20 ورلڈ کپ کی میزبانی چھین لی۔
عرب میڈیا کے مطابق فیفا کی جانب سے یہ فیصلہ انڈونیشیا کے صوبے بالی کے گورنر کی جانب سے ایونٹ میں اسرائیلی ٹیم کی میزبانی سے انکار کی پاداش میں کیا گیا۔
خیال رہے کہ فیفا انڈر 20 ورلڈکپ رواں برس انڈونیشیا میں ہونا تھا تاہم اب اس سے میزبانی واپس لے لی گئی ہے۔ انڈر 20 ورلڈ کپ 20 مئی سے 11 جون تک ہونا تھا۔
فیفا کا کہان ہے کہ انڈر20 ورلڈ کپ کیلئے متبادل میزبان کا اعلان جلد کیا جائے گا اور فی الحال ایونٹ کا شیڈول تبدیل نہیں کیا جا رہا۔
فیفا کا یہ بھی کہنا ہے کہ انڈونیشیا کے خلاف مزید جرمانوں کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ جکارتہ میں گزشتہ دنوں اسرائیلی ٹیم کی متوقع شرکت پر مظاہرہ بھی کیا گیا تھا جس میں مظاہرین نے انڈونیشین اور فلسطینی پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔
انڈونیشیا کو میزبان ملک ہونے کی وجہ سے اس ایونٹ میں شریک ہونا تھا تاہم اب میزبانی چھینے جانے کے بعد اس کی شرکت کا بھی امکان نہیں۔ انڈونیشیا 1979 کے بعد سے اب تک ٹورنامنٹ کیلئے کوالیفائی نہیں کر سکا ہے۔