بھارت کے نامور رئیلٹی شو بگ باس کا 16واں سیزن جیتنے والے الطاف المعروف ایم سی اسٹین نے مقبولیت میں بھارت کی دو بڑی شخصیات شاہ رخ خان اور ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا۔
بالی وڈ شہنشاہ شاہ رخ خان اور سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی دونوں ہی وہ لوگ ہیں جو سوشل میڈیا کی جان کہلائے جاتے ہیں، دونوں انسٹاگرام سمیت ٹوئٹر پر بھی کافی متحرک رہتے ہیں۔
تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق اب ایم سی نے شاہ رخ اور کوہلی کو مقبولیت میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہوا کچھ یوں کے بگ باس کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد جب ایم سی نے پہلی پوسٹ انسٹاگرام پر شیئر کی تو اسے دنیا بھر سے 69 لاکھ52 ہزار 351 لائیکس ملے، جب کہ ایک لاکھ سینتالیس ہزار 545 افراد نے اس پر کمنٹس کیے۔
لائیکس اور کمنٹس کی یہ تعداد اس سے قبل کبھی کسی بگ باس کے فاتح کی پوسٹ پر نہیں تھی، یہاں تک کہ مقبول ونرز تیجسوی پرکاش اور آنجہانی سدھارتھ شکلا کو بھی اتنے لائیکس اور کمنٹس نہیں ملے تھے۔
مداحوں نے ایم سی کی اس پوسٹ کا موازنہ ویرات کوہلی کی حالیہ پوسٹ سے کیا، جس کا یقیناً ایم سی سے کوئی مقابلہ نہیں تھا۔
شاہ رخ خان کو کیسے پیچھے چھوڑا؟
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی مقبولیت کا موازنہ بھی مداحوں نے ایم سی سے کیا، ایم سی اسٹین نے جب جیتنے کے بعد انسٹاگرام پر پہلا 'لائیو سیشن' کیا تو 10 منٹ میں اسے 5 لاکھ 41 ہزار افراد نے دیکھا۔
تاہم شاہ رخ خان کے لائیو سیشن کو سب سے زیادہ ویوز 2 لاکھ 55 ہزار ملے تھے۔
ایم سی اسٹین کا لائیو سیشن دنیا کے 10 لائیو سیشنز میں شامل ہوا جسے لوگوں کی بڑی تعداد نے دیکھا۔