پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر و سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے کندھے پر بیٹھ کر آنے والا عمران خان اس بار عدلیہ کے کندھے پر بیٹھ کر اقتدار میں آنا چاہتا ہے۔
راولپنڈی میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ جب عمران خان نہیں تھا تو روٹی پانچ روپے اور گھی 150 کا تھا، جب سے عمران خان آیا مہنگائی ملک سے نہیں گئی، معیشت کو ٹھیک ہوتے وقت لگے گا، ملک کا یہ حال خاتون خانہ کی وجہ سے ہے جو خاتون کھانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کو پھنسا کر خود زمان پارک کے بنکر میں بیٹھ گیا، بارودی سرنگیں عمران بچھا کر گیا، شہباز شریف ان کو چن رہا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ اسٹیبلشمنٹ کے کندھے پر بیٹھ کر آنے والا عمران خان اس بار عدلیہ کے کندھے پر بیٹھ کر اقتدار میں آنا چاہتا ہے، کوئی ایک آڈیو سناؤ جس میں نواز شریف نےکوئی مطالبہ کیا ہو، ۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ ملک کو ایماندار ججوں کی ضرورت ہے، عمران دار ججوں کی نہیں، پوری عدلیہ بُری نہیں مگر وہاں کچھ فیض کے چیلے بھی موجود ہیں جو اب تک کام کر رہے ہیں، تمہاری آڈیو میں ججز کا نام آئے اور تحریک ہم چلارہے ہیں؟ کہا جاتا تھا ایک گھنٹہ میں نواز شریف عدالت میں پیش ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کا اقامہ، بیٹے سے پیسہ نہ لینے جیسا کیس نہیں بلکہ حقیقی کیس ہیں، سچےکیس ہونے کے باوجود ٹانگ کا پلاسٹر دکھا دیتا ہے یا کہتا ہے بزرگ آدمی ہوں، نواز شریف کی بیماری کا مذاق اڑانے والا ہر بات پر اپنا پلاسٹر دکھا دیتا ہے۔
لیک آڈیو سے متعلق لیگی چیف آرگنائزر کا کہنا تھاکہ یاسمین راشد نے لیک آڈیو میں کہا کہ سپریم کورٹ میں ہمارے بندے بیٹھے ہیں، لوگوں کو کہتا ہے جیلیں بھرو، ڈوگرکو فون کرکے کہتا ہے مجھے پولیس پکڑنے تو نہیں آرہی۔