ٹوکیو: جاپانی صفائی ستھرائی کے جنونی ہوتے ہیں اور مقامی سطح پر لوگ محلےمیں جمع ہوکر بھی کوڑا کرکٹ چننے کا مقابلہ کرتے ہیں۔ اب جاپان نے اس سال نومبر میں کچرا چننے کا عالمی مقابلہ منعقد کرانے کا اعلان کیا ہے۔
اس مقابلے کو ’اسپوگومی‘ کا نام دیا ہے جس میں Spo کا مطلب اسپورٹس اورجاپانی زبان میں Gomi کوڑا کرکٹ کو کہتے ہیں۔ اگرچہ یہ مقابلے جاپان میں ہوتےرہتے ہیں جن میں تین سے پانچ افراد مقررہ وقت میں کچرا اٹھاتے ہیں اور قواعد کے تحت جیتنے والے کو اول تا سوم کے اعزازات ملتےہیں۔
نومبر 2023 میں جاپان اس کےلیے عالمی مقابلے کا انعقاد کررہا ہے جس میں دنیا بھر کی ٹیمیں ٹوکیو کی سڑکوں سے کچرا اٹھانے کی کوشش کریں گی۔ ان میں سے ہر ٹیم کو 60 منٹ میں زیادہ سے زیادہ کوڑا جمع کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔ شرکا کو یہ کچرا مقررہ رنگوں والے ڈبوں میں ڈالنا ہوگا۔ کوڑے میں جلائے جانے والا کچرا، ری سائیکل کے قابل پلاسٹک اور دھاتی اشیا شامل ہیں)۔ وقت ختم ہونے پر ریفری کچرے کا وزن کرکے جیتنے والے کا اعلان کرے گا ۔ تاہم سگریٹ کے بچے ہوئے ٹکڑے جمع کرنے پر سب سے زیادہ پوائنٹس ملتے ہیں۔
جاپانی حکومت کے مطابق اس عالمی مقابلے کا انعقاد دنیا بھر کو صفائی کی ترغیب دینا ہے اور وہ اپنی اطراف کی صفائی کا بھی غیرمعمولی خیال رکھتے ہیں۔ پھر 2008 سے جاپان میں اسپوگومی کے مقامی مقابلے منعقد ہوتے رہتے ہیں۔اس کے دلچسپ قواعد و ضوابط بھی مرتب کئے جاتے ہیں۔