ممبئی: بالی وڈ کے سپر اسٹار اکشے کمار نے سیکورٹی رکاوٹ کو پھلانگ کر ملنے کیلئے آنے والے مداح نوجوان کو گلے لگالیا۔
واقعہ ممبئی میں پیش آیا جہاں بھارتی اداکار اپنی نئی فلم ’سیلفی‘ کی تشہیری مہم کیلئے ایک تقریب میں شرکت کیلئے آئے تھے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اکشے کمار اپنے مداحوں کے سلام کا جواب دے رہے ہیں اور اچانک ایک نوجوان رکاوٹ کو پھلانگ کر اداکار تک پہنچنے کی کوشش کرتا ہے۔
اکشے کمار کی سیکورٹی ٹیم نے فورا نوجوان کو زمین کی طرف گرادیا اور اسے دور رہنے کا حکم دیا لیکن اداکار نے اپنے محافظوں کو اس کام سے منع کیا اور نوجوان کے قریب جاکر اسے گلے لگالیا۔
اس موقع پر اکشے کمار نے نوجوان سے کچھ گفتگو بھی کی لیکن وہ ریکارڈ نہ ہوسکی، اس کے بعد اداکار ہاتھ ہلاتے ہوئے اپنی تقریب میں چلے گئے۔