بالی وڈ کی معروف پروڈکشن کمپنی یش راج فلمز کے مالک اور یش چوپڑا کے بڑے بیٹے ادیتیا چوپڑا نے انڈسٹری میں اقربا پروری جیسے الفاظ پر بات کی ہے۔
کچھ سال قبل بالی وڈ میں اُس وقت اقربا پروری پر کافی لوگوں نے آواز بلند کی جب اداکارہ کنگنا رناوت نے کافی ود کرن کی ایک قسط میں یہ الزام عائد کیا کہ نامور اداکار، پروڈیوسرز اور ہدایتکار اپنے رشتے داروں، بچوں اور بہن بھائیوں کو انڈسٹری میں لاتے ہیں اور انہیں دوسروں کے مقابلے میں کم محنت کرکے اچھا کام مل جاتا ہے۔
اب حال ہی میں نیٹ فلکس کے شو 'دی رومانٹنکس' میں گفتگو کرتے ہوئے ادیتیا چوپڑانے اس حوالے سے کہا کہ '25، 30 سال قبل بالی وڈ انڈسٹری بہت چھوٹی تھی، اسی لیے زیادہ تر نوجوان وہی کام کرتے جو ان کے والدین کیا کرتے تھے لیکن ضروری نہیں کہ سپر اسٹار کے بچے جنہوں نے اندسٹری کا رخ کیا، وہ سب کے سب کامیاب ہیں'۔
انہوں نے اپنے بھائی اودے چوپڑا کی مثال دی اور کہا 'میرا بھائی بھی اداکار ہے لیکن وہ کامیاب نہیں، وہ ایک بہت ہی بڑے فلم ساز(یش چوپڑا) کا بیٹا اور ایک بڑے فلم ساز (ادیتیا)کا بھائی ہے ، پھر بھی وہ کامیاب اداکار نہیں'۔
ادیتیا چوپڑا نے کہا 'سوچیں، اتنی بڑی پروڈکشن کمپنی، جس نے انڈسٹری کو کئی نئے چہرے دیے جو سپر ہٹ ہوئے، وہ اودے کو اسٹار نہ بنا سکی اور ہم بنائیں گے بھی کیوں؟ یہ ناظرین ہوتے ہیں جو اداکاروں کو پسند اور ناپسند کرتے ہیں'۔
فلم ساز نے کہا کہ 'اودے باصلاحیت اداکار ہے، محنتی بھی ہے لیکن بدقسمتی سے جیسے وہ خود کو دیکھتا ہے ویسے لوگ اسے دیکھنا پسند نہیں کرتے'۔
واضح رہے کہ اودے چوپڑا میرے یار کی شادی ہے، مجھ سے دوستی کرو گی اور دھوم جیسی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔