غداری کے مقدمے میں سابق وزیر خزانہ سینیٹر شوکت ترین کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی گئی۔
ایف آئی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اشتہاری قرار دینے کے بعد ایف آئی اے شوکت ترین کی گرفتاری کے لیے اقدامات کرے گی۔
ذرائع ایف آئی اے کے مطابق ملزم شوکت ترین کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے مدد لی جائے گی۔
یاد رہے کہ سابق وزیر خزانہ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت ترین کی لیک آڈیو پر ان کے خلاف مقدمہ درج ہے۔
چند روز قبل وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایف آئی اے نے حکومت سے شوکت ترین کی گرفتاری اجازت مانگی تھی جو انہیں دے دی گئی ہے۔