عائزہ کو پہلی بار دیکھ کر آنکھیں نہیں جھپک سکا تھا: دانش تیمور

 معروف اداکار دانش تیمور  نے اپنی اہلیہ عائزہ خان سے ہونے والی پہلی ملاقات سے متعلق بتایا کہ عائزہ اتنی خوبصورت تھیں کہ انہیں پہلی مرتبہ دیکھ کر پلکیں نہیں جھپک سکا تھا۔ 



نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک  انٹرویو میں  میزبان نے دانش تیمور سے ان کی اور عائزہ کی محبت اور پہلی ملاقات سے متعلق سوال کیا جس کے جواب میں دانش تیمور  نے بتایا کہ میری عائزہ سے پہلی ملاقات  آڈیشن کے وقت ہوئی تھی، ہم دونوں ایک ہی جگہ آڈیشن کیلئے گئے ہوئے تھے۔


دانش تیمور نے کہا کہ عائزہ اس وقت بھی بہت خوبصورت تھی، عائزہ کو پہلی بار دیکھ کر میں  آنکھیں نہیں جھپک سکا تھا، اس وقت  میں نے سوچا کہ عائزہ اسکرین پر آدھی خوبصورت لگتی ہے کیوں کہ حقیقت میں وہ اس سے کہیں زیادہ پیاری لگ رہی تھی۔


دوسری جانب اداکارہ سے شادی  اور تعلق پر بات کرتے ہوئے دانش نے بتایا کہ میں نے کبھی بھی اپنی مقبولیت پر غرور نہیں کیا کیوں کہ میں شروع سے ہی اپنے حوالے سے کوئی غرور نہیں رکھتا، میں نے عائزہ کو بھی کبھی  یہ محسوس نہیں ہونے دیا کہ میں بہت بڑا اسٹار بن چکا ہوں اور تمہارا ابھی آغاز ہے، شاید یہی وہ وجہ ہے کہ ہم اب تک ایک ساتھ ہیں اور آج تک ہمارا تعلق ویسا ہی ہے جیسا پہلے تھا۔


واضح رہے کہ عائزہ خان اور دانش تیمور 2014 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے جن کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔

Previous Post Next Post