شام میں پیر کے روز آنے والے خوفناک زلزلے کے بعد ملبے تلے معجزانہ طور پر پیدا ہونے والی بچی کو شامی شخص نے گود لے لیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صلاح البدران نامی شخص نے گود لیا ہے جو بچی کو اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد اپنے ساتھ لے جاسکیں گے۔
صلاح البدران نے عرب میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ انہوں نے بچی کا نام 'آیاہ' رکھا ہے جس کے معنی ہیں 'اللہ کی جانب سے بھیجی گئی نشانی'۔
مذکورہ شخص نے مزید بتایا کہ زلزلے کے نتیجے میں ان کا گھر بار سب تباہ ہوگیا، وہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ ایک ٹینٹ میں فی الحال رہ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ آیاہ کی والدہ، والد سمیت 4 بہن بھائی زلزلے میں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔