دادو میں گھوسٹ اساتذہ کے خلاف کارروائی کرنے والے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر غلام سرور ببرکا بلآخر تبادلہ کردیا گیا۔
چند روزقبل گھوسٹ اساتذہ کے خلاف کارروائی کرنے پر اساتذہ نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر کے دفتر پہنچ کر ان کو گالیاں دینے کے علاوہ تبادلے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں تھیں۔
اس کے بعد دھمکیاں دینے والے دواساتذہ کو معطل کیا گیا تھا اور ان کے خلاف انکوائری بھی مقرر کی گئی تھی لیکن گھوسٹ اساتذہ نے اثر رسوخ استعمال کر کے دوسرے ہی روزخود کو بحال کرالیا تھا۔
بحال ہونے والے گھوسٹ اساتذہ ڈی ای او ایجوکیشن غلام سرورببرکے تبادلے کے لیے سرگرم ہو گئے اور مبینہ طور پر ایک سیاسی شخصیت کو کہلوا کر پہلے ڈی ای او پر کارروائی نہ کرنے کا دباؤ ڈالا پھر کارروائیاں نہ رکنے پر ڈی ای او ایجوکیشن غلام سرور ببر کا تبادلہ کرا دیا۔
خیال رہے کہ ڈی ای او ایجوکیشن دادو میں 1100 سے زائد گھوسٹ اساتذہ کے خلاف محکمانہ کارروائی کررہے تھے۔