روس سے واپس آیا تو باجوہ نے کہا یوکرین حملے پرمذمت کریں، عمران

 چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ انہوں نے روسی صدر ولادمیر پیوٹن سے سستا تیل خریدنے کی بات کر لی تھی مگر جب واپس آیا تو جنرل باجوہ (اس وقت کے آرمی چیف) نے کہا یوکرین حملے پر روس کی مذمت کریں۔



ایک بیان میں عمران خان نے کہا ہے کہ انہوں نے روسی صدر سے سستا تیل خریدنے کی بات کر لی تھی مگر جب واپس پاکستان آئے تو جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا یوکرین حملے پر روس کی مذمت کریں، جب آرمی چیف کو بھارت کی طرح نیوٹرل رہنے کا مشورہ دیا تو انہوں نے خود روس کی مذمت کر دی۔


چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا ایک گریڈ 22 کے افسر نے امریکا کو خوش کرنے کے لیے سیمینار میں فارن پالیسی بیان دیا، جب امریکا کو خوش کرنے کے لیے فیصلے ہوں گے تو یہی ہو گا جو ہو رہا ہے، امریکا کو خوش کرنے کے لیے ہی دہشتگردی کی جنگ میں 80 ہزار لوگوں کو مروایا گیا تھا۔


عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا آئین کہتا ہے کہ 90 دن میں الیکشن کراؤ مگر یہ کہتے ہیں پیسے نہیں ہیں، یہ لوگ نئے نئے بہانے کر رہے ہیں۔


دوسری جانب عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں الیکشن 90 دن میں نہ ہونے کی صورت میں آئین بچاؤ تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور عمران خان نے اس حوالے سے وکلا ونگ کو متحرک ہونے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

Previous Post Next Post