ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے سے اموات کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ابھی بھی ریسکیو کا کام جاری ہے۔
زلزلے میں جہاں ہزاروں افراد اور بچوں نے اپنا گھر بار اور خاندان کھویا وہیں متعدد کو قدرت نے دوسری زندگی سے نوازا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے ترک صوبے حتائے میں زلزلے کے نتیجے میں تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے 7 ماہ کے بچے کو زلزلہ کے تقریباً 139 گھنٹے بعد زندہ نکال لیا۔
اس کے علاوہ 12 سالہ لڑکی کو اور قہرمان ماراش میں ملبے سے 70 سالہ خاتون کو بھی زندہ نکالا گیا۔
ملبے سے زندہ نکلنے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
اس سے قبل ایک نوزائیدہ اور اس کی والدہ کو 4 دن تک ملبے کے نیچے پھنسے رہنے کے بعد زندہ نکالا گیا تھا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ترکیہ میں 29 ہزار 605 اور شام میں 4 ہزار 500 اموات ہوئی ہیں۔