نازیبا الزامات پر معروف اداکاراؤں کا ردِعمل سامنے آگیا

 کراچی: سوشل میڈیا پر ویلاگرعادل راجا کی جانب سے سنگین الزامات لگائے جانے پر اداکاراؤں نے سخت ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔



ویلا گر عادل راجا کی جانب سے پاکستان کی 4 مشہور اداکاراؤں پر نام لئے بغیر ناموں کے پہلے حروف استعمال کر کے ماہرہ خان، کبریٰ خان، سجل علی اور مہوش حیات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ان پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کئے گئے ہیں جس کے بعد سوشل میڈیا پر تہلکہ مچ گیا ہے۔

الزامات کے سامنے آنے پر پاکستان کی ان نامور اداکاراؤں نے بھی ویلاگر کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے سوشل میڈیا کا رُخ کیا اور شدید ردِعمل دیا۔

اداکارہ سجل علی نے ان الزامات پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’افسوسناک ہے کہ ہمارا ملک اخلاقی طور پر پستی کی جانب جارہا ہے اور گندا ہوتا جارہا ہے، کردار کشی انسانیت کی بدترین شکل اور گناہ ہے‘۔

اداکارہ کبریٰ خان نے ویلاگر کے الزامات پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے ان کے خلاف پاکستان سمیت برطانیہ میں قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا اور عادل راجہ سے مطالبہ کیا کہ ان کے پاس اگر ان الزامات سے متعلق ٹھوس ثبوت ہیں تو 3 دن میں پیش کریں اور نہ پیش کر سکیں تو عوام کے سامنے معافی مانگیں۔


کبریٰ خان کا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں مزید لکھا کہ اگر عادل راجا نے سب کے سامنے ان سے معافی نہ مانگی تو وہ ڈرنے والوں میں سے نہیں ویلاگر کے خلاف مقدمہ کریں گی وہ برطانیہ کی شہری ہیں ان کے پیچھے وہاں بھی پہنچ جائیں گی۔

مہوش حیات نے ویلاگر عادل راجا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ لوگ سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے کچھ بھی کرتے ہیں یہاں تک کہ انسانیت کے درجے سے بھی گر جاتے ہیں۔


مہوش حیات نے سخت ردِعمل دیتے ہوئے لکھا کہ میں اداکارہ ہوں، اس کا مطلب یہ نہیں میرا نام مٹی میں ملا دیں، آپ کو اپنے بے بنیاد الزامات پر شرم آنی چاہیے میں کسی کو اپنے نام کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دوں گی۔

Previous Post Next Post