پاکستان اور نیوزی لینڈ کی سیریز کے لیے عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے سیریز کے اختتام پر الوداعی پیغام جاری کیا ہے۔
شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کو ون ڈے سیریز میں فتح حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور ساتھ ہی ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ وہ پر اعتماد ہیں کہ قومی ٹیم جلد فارم میں واپس آئے گی۔
سابق کپتان نے کیویز بیٹر گلین فلپس کی شاندار بیٹنگ کی تعریف کی اور قومی کرکٹر فخر زمان اور محمد رضوان کی اچھی بیٹنگ پر خوشی کا اظہار کیا۔
ایک اور ٹوئٹ میں شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ 'پاکستان اور نیوزی لینڈ کی سیریز کے لیے مجھے چیف سلیکٹر کی ذمہ داری سونپنے پر پی سی بی کا شکریہ، میں نے اس ذمہ داری کا بھرپور لطف اٹھایا'۔
انہوں نے مزید لکھا کہ 'امید ہے کہ میں اپنے دلیرانہ فیصلوں کے باعث مداحوں کی امیدوں پر پورا اترا ہوں گا، میں ہمیشہ کسی بھی مدد کے لیے حاضر رہوں گا'۔
خیال رہے کہ 24 دسمبر 2022 کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے عبوری سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔
عبوری سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین شاہد آفریدی جب کہ عبد الرزاق، راؤ افتخار رکن اور ہارون رشید کنوینر تھے۔