سرخ اور پیلے رنگوں کے بعد سفید کارڈ فٹبال میں متعارف، اس کا مقصد کیا ہے؟

 فٹبال کا کوئی بھی ٹورنامنٹ ہو جیسے ورلڈکپ ، میچز کے دوران کھلاڑیوں کی جانب سے فاؤل کیے جانے پر ریفری کی جانب سے پیلا یا سرخ کارڈ دکھایا جاتا ہے۔



مگر گزشتہ دنوں فٹبال کی تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون ریفری نے پرتگال کے کلب میچ کے دوران سفید کارڈ دکھایا۔

1970 کی دہائی سے سرخ اور پیلے کارڈز کا استعمال ہورہا ہے جو ریفری کی جانب سے خطرناک یا ناپسندیدہ رویے پر جاری کیے جاتے ہیں۔

مگر پرتگال میں خواتین کے ایک کلب میچ میں پہلی بار ایک سفید کارڈ کو استعمال کیا گیا۔

یہ میچ 21 جنوری کو کھیلا گیا تھا اور جب پہلا ہاف ختم ہونے والا تھا تو ڈگ آؤٹ میں بیٹھا ایک شخص بیمار ہوگیا۔

اس موقع پر دونوں ٹیموں کے میڈیکل عملے میں شامل افراد تیزی سے بیمار فرد کی جانب بڑھے اور ریفری نے ان کے اسپورٹس مین شپ کو سراہنے کے لیے سفید کارڈ نکال کر لہرایا۔

اس سفید کارڈ کا مقصد کسی میچ کے دوران ٹیموں کے فیئر پلے کو سراہنا ہے تاکہ فٹبال کی اخلاقی اقدار کو بہتر کیا جاسکے۔

اس کارڈ کو سب سے پہلے پرتگال میں فیفا کے دیگر متعدد اقدامات کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔

فٹبال کے عالمی ادارے کی جانب سے میچز کے دوران concussion substitutes اور طویل اسٹاپیج ٹائم کو بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

Previous Post Next Post