کینسر کی 6 جان لیوا اقسام کی وہ علامات جو بیشتر افراد نظر انداز کردیتے ہیں

 کینسر دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والا ایسا مرض ہے جو ہر سال لاکھوں اموات کا باعث بنتا ہے۔



کینسر کی متعدد اقسام ہیں جن میں سے 6 کو سب سے زیادہ جان لیوا سمجھا جاتا ہے۔

پھیپھڑوں، جگر، دماغ، غذائی نالی، لبلبے اور معدے میں کینسر کو سب سے زیادہ جان لیوا مانا جاتا ہے۔

مگر کینسر کی ان اقسام کے شکار اکثر افراد کو بیماری کا علم بہت تاخیر سے ہوتا ہے کیونکہ وہ بیماری کی علامات کو نظر انداز کردیتے ہیں۔

Less Survivable Cancers Taskforce کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ کینسر کی جان لیوا اقسام کی علامات کو نظرانداز کرنے کا نتیجہ تباہ کن ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں 2 ہزار افراد میں سروے کیا گیا اور دریافت ہوا کہ محض ایک فیصد افراد جگر کے کینسر کی علامات کو شناخت کرنے کے قابل تھے، اسی طرح 2 اور 3 فیصد افراد غذائی نالی اور معدے کے کینسر کی علامات کو شناخت کرسکے۔

محققین نے کہا کہ یہ بات بہت زیادہ تشویشناک ہے کہ بیشتر افراد کینسر کی عام علامات سے واقف ہی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیماری کی جلد تشخیص سے علاج کا امکان بڑھ جاتا ہے تو یہ ضروری ہے کہ لوگوں کو اس بیماری کی علامات کا علم ہو اور وہ اپنے جسم میں آنے والی تبدیلیوں پر نظر رکھ سکیں، چاہے علامات غیرمتعلقہ ہی کیوں نہ محسوس ہوں ڈاکٹر سے رجوع کرنا بہتر ہوتا ہے۔

تحقیق میں کینسر کی 6 اقسام سے متاثر افراد میں نمودار ہونے والی علامات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔


دماغ

دماغ کے کینسر کی علامات میں بینائی اور بولنے کے مسائل، سردرد، قے، متلی، seizures، ذہنی اور رویوں میں تبدیلیاں قابل ذکر ہیں۔


جگر

جگر کے کینسر کے شکار افراد میں جسمانی وزن میں غیرمتوقع کمی، کھانے کی خواہش ختم ہوجانا، خود کو بیمار محسوس کرنا، پیٹ میں درد یا سوجن، یرقان، جلد پر خارش، تھکاوٹ، بخار، قے میں خون آنا اور پیشاب کی گہری رنگت جیسی علامات عام نظر آتی ہیں۔


پھیپھڑوں

مسلسل کھانسی، کھانسی میں خون آنا، سینے میں تکلیف، جسمانی وزن میں غیرمتوقع کمی، کھانے کی خواہش ختم ہونا، سانس پھولنا، تھکاوٹ اور کمزوری جیسی علامات کا سامنا پھیپھڑوں کے کینسر کے شکار افراد کو ہوتا ہے۔


غذائی نالی

کھانا نگلنے میں مشکلات، بدہضمی یا سینے میں جلن، کھانے کی خواہش ختم ہوجانا، قے، پیٹ، سینے یا کمر میں تکلیف، مسلسل کھانسی، آواز کا بیٹھ جانا، تھکاوٹ اور سانس پھول جانا غذائی نالی کے کینسر کی نمایاں علامات ہیں۔


لبلبے

کینسر کی اس قسم کے شکار افراد کو جن علامات کا سامنا ہوتا ہے ان میں کمر یا پیٹ میں درد، کھانے کی خواہش ختم ہوجانا، جسمانی وزن میں غیرمتوقع کمی، جلد کی رنگت زرد ہوجانا، یرقان، بدہضمی اور آنتوں کے مسائل قابل ذکر ہیں۔


معدے

ایسی بدہضمی جس کا تسلسل برقرار رہے، سینے میں جلن، پیٹ پھولنے یا تھوڑا کھانے پر پیٹ بھرجانے کا احساس، پیٹ میں درد، کھانا نگلنے میں مشکلات اور جسمانی وزن میں غیرمتوقع کمی اس کینسر کی قابل ذکر علامات ہیں۔

Previous Post Next Post