سیالکوٹ: سمبڑیال میں باپ نے بیرون ملک سے آئے بیٹے کی شادی میں نوٹوں کی برسات کردی، انوکھی شادی میں ملکی اور غیرملکی کرنسی سمیت 23 لاکھ روپے نچھاور کیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارت کی طرح پاکستان میں بھی شادیوں میں کچھ بڑھکر کرنے کا رواج برقرار ہے، ایسی ہی ایک شادی پنجاب ضلع سیالکوٹ کے شہر سمبڑیال میں ہوئی جس میں دلہا کے بھائیوں اور دوستوں نے بھائی کی شادی میں ملکی اور غیر ملکی کرنسی خوب لٹائی جب کہ باپ نے بھی اووسیز بیٹے کی شادی میں نوٹوں کی بارش کردی۔
بارات گھر سے نکلنے سے لیکر شادی ہال پہنچنے تک راستے میں دلہا کے بھائی نوٹ برساتے رہے جب کہ دلہا کی بہنیں بارات کے راستوں میں گاڑی سے نوٹ برسا کر خوشی کا اظہار کرتی رہیں۔
اس دلچسپ و عجیب شادی کے باعث نوٹ لوٹنے والوں کی چاندی ہوگئی جب کہ راہگیری بھی نوٹ برستے دیکھ کر بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے پہنچ گئے۔
سمبڑیال میں ہوئی شادی میں بارات پورے پروٹوکول کے ساتھ شادی ہال پہنچی جہاں بھائیوں سمیت باراتیوں نے بھی شادی ہال میں نوٹوں کی برسات کیساتھ ساتھ موبائل فونز اور گرم سوٹ برسا کر دلہا سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
دلہا کے بھائی عمر کا کہنا تھا کہ بھائی کی شادی میں ملکی اور غیر ملکی کرنسی ،موبائل فونز لٹاکر شادی کا مزہ دوبالا ہوگیا، شادی میں لٹائی جانی والی مجموعی رقم پاکستانی روپے میں تقریباً 23 لاکھ روپے بنتی ہے۔