ڈارک چاکلیٹ میں زہریلی دھاتوں کی موجودگی کا انکشاف

 نیو یارک: ماضی میں ڈارک چاکلیٹ پر کیے جانے والے اکثر مطالعوں میں یہ بتایا گیا ہے کہ یہ ہمارے لیے اپنے اندر کئی فوائد رکھتی ہے لیکن حال ہی میں ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ ان چاکلیٹ بارز میں ایسی زہریلی دھاتیں موجود ہوتی ہیں جو صحت کے متعدد مسائل کا منبع ہوتی ہیں۔



کنزیومر رپورٹس کے ماہرین کی جانب سے مشہور کمپنیوں کی 28 چاکلیٹ بارز کو لیبارٹری میں ٹیسٹ کیا گیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ ان تمام بارز میں لیڈ (سکہ) اور کیڈمیئم نامی عناصر موجود تھے۔

ان دونوں بھاری دھاتوں کا تعلق پھیپھڑوں کے مسائل، یادداشت کے مسائل، کینسر اور قبل از وقت موت سے ہے۔ لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ چاکلیٹ میں موجود ان عناصر کے اثر کا مشاہدہ کرنے کے لیے آپ کو روزانہ ایک شیئرنگ سائز بار سے زیادہ چاکلیٹ کھانی ہوگی۔

کیڈمیئم ایک قدرتی عنصر ہے جو مٹی میں پایا جاتا ہے اور بعض اوقات پودے کی جڑیں اس کو جذب کرلیتی ہیں اور کوکوا بینز میں پہنچا دیتی ہیں۔ جبکہ لیڈ ان بینز کو ماحول کی وجہ سے آلودہ کرتے ہیں۔ چوں کہ یہ بینز کھلی جگہ میں سُکھائے جاتے ہیں اس لیے ممکنہ طور پر اطراف سے چلنے والی ہوائیں ان کو آلودہ کرتی ہیں۔

لیڈ انسانوں کے لیے خطرناک سمجھا جاتا ہے۔ اس کا طویل مدت افشا ہونا یادداشت کمزور ہونے، پیٹ درد اور بڑوں میں مزاج خراب ہونے کا سبب ہوتا ہے۔


بچوں میں اس دھات کی بڑی مقدار میں موجودگی دماغ اور مرکزی عصبی نظام کو نقصان پہنچا سکتی ہے اور ان میں سیکھنے اور رویوں کے مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔


دوسری جانب کیڈمیئم کی کم سے کم مقدار بھی گردوں کے کینسر اور نازک ہڈیوں کا سبب بن سکتی ہے۔

Previous Post Next Post