ارجنٹینا فٹبال کا نیا عالمی چیمپئن بن گیا

 قطر میں فٹبال ورلڈکپ 2022 کے فائنل میں ارجنٹینا نے فرانس کو شکست دے کر یورپ کی 16 سالہ اجارہ داری ختم کرتے ہوئے تیسری بار ورلڈکپ جیت لیا، 2006 سے مسلسل 4 بار یورپی ٹیم نے ورلڈکپ اپنے نام کیا تھا ۔



فائنل کا فیصلہ پینالٹی ککس پر ہوا، ارجنٹینا نے 2-4 سے کامیابی حاصل کی۔


قطر کے شہر لوسیل کے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں ارجنٹینا نے فرانس کو شکست دی،لیونل میسی نے اپنے آخری ورلڈکپ کو یادگار بناتے ہوئے اپنا ادھورا خواب پورا کیا اور ورلڈکپ ٹرافی اپنے نام کرلی۔


ارجنٹینا 1978 اور 1986 میں ورلڈکپ اپنے نام کیا تھا۔ 


ورلڈ کپ کے فائنل میں پہلے ہاف میں ہی ارجنٹینا نے فرانس کے خلاف دو صفر کی برتری حاصل کرلی تھی، ارجنٹینا کی جانب سے پہلا گول لیونل میسی نے 23 ویں منٹ میں پینالٹی پرکیا جبکہ دوسرا گول ڈی ماریہ نے 36 ویں منٹ میں کیا۔


تاہم دوسرے ہاف میں فرانس کے ایمباپے نے 2 منٹ میں دو گول کرکے میچ میں ارجنٹینا کی برتری ختم کردی، میچ مقررہ وقت تک 2-2 سے برابر رہا۔


اضافی وقت میں میسی نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرکے ارجنٹینا کو 2-3 کی برتری دلادی لیکن پھر ایمباپے تیسرا گول کرکے ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے ارجنٹینا کی برتری ختم کردی۔


اضافی وقت میں بھی میچ 3-3 سے برابر ہوگیا، ورلڈ چیمپئن کا فیصلہ پینالٹی ککس پر ہوا، ارجنٹینا نے 4 جبکہ فرانس نے 2گول کیے۔


 میسی فیفا ورلڈکپ 2022 کے بہترین کھلاڑی قرار 

آخری بار میگا ایونٹ کھیلنے والے ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی فیفا ورلڈکپ 2022 کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔


میچ کے بعد ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے و الے کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا جس میں ارجنٹینا کے فرنانڈس کو ینگ پلیئر کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ فرانس کے کیلیان ایمباپے کو گولڈن بوٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔


اس کے علاوہ ارجنٹینا کے مارنڈینز نے بہترین گول کیپر کا گولڈن گلوو ایوارڈ جیتا جبکہ اپنا آخری ورلڈکپ کھیلنے والے ارجنٹینا کے لیونل میسی کو گولڈن بال ایوارڈ( ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی) دیا گیا۔

Previous Post Next Post