بالی وڈ کے سینئر اداکار انیل کپور اور انوپم کھیر بھارتی وکٹ کیپر بیٹر ریشبھ پنت کی تیمار داری کے لیے اسپتال پہنچ گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں اداکار خوفناک کار حادثے کا شکار ہونے والے ریشبھ پنت کی خیریت معلوم کرنے دیہرادون کے اسپتال پہنچے جہاں اداکاروں نے کرکٹر سمیت ان کے گھر والوں سے ملاقات کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انیل کپور نے کہا کہ 'ہمیں پتہ چلا کہ ریشبھ پنت کار حادثے میں شدید زخمی ہوگئے ہیں اور اسپتال میں ہیں جس کے بعد میں اور انیل بھارتی شہری ہونے کے باعث ان کی عیادت کو پہنچ گئے'۔
انوپم کھیر نے کہا کہ 'ہم نے ریشبھ کی والدہ سے ملاقات کی، کرکٹر سمیت ان کی والدہ کے حوصلے بلند ہیں، ہم نے کرکٹر کے رشتہ داروں سے بھی ملاقات کی اور انہیں خوب ہنسایا، اس کے علاوہ ریشبھ سے بھی ملے، ہم اس سے بطور مداح ملے'۔
دوسری جانب اداکار انیل کپور نے کہا کہ 'ریشبھ کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے، میری اپیل ہے کہ تمام مداح اس کے لیے دعا کریں تاکہ وہ جلد از جلد ٹھیک ہوجائے'۔