بڑی آنت کےکینسر میں مبتلا برازیل کے سابق لیجنڈ فٹبالر پیلےکی حالت انتہائی تشویش ناک ہے اور کیمو تھراپی کے متوقع نتائج نہ آنے پر انہیں خصوصی نگہداشت (پیلیٹو کیئر) کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 82 سالہ عظیم فٹبالر کو گزشتہ منگل کو کینسر کے دوبارہ علاج کے لیے برازیل کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
برطانوی میڈیا نے برازیلی اخبار کے حوالے سے بتایا ہےکہ بڑی آنت کےکینسر میں مبتلا پیلے کی کیمیو تھراپی کی جارہی تھی تاہم نتائج نہ ملنے پر ان کی کیمیو تھراپی روک دی گئی ہے اور اب انہیں 'زندگی کی اختتامی نگہداشت' فراہم کی جارہی ہے جس میں انہیں درد سے نجات اور سانس لینے میں مشکلات جیسے مسائل کا علاج فراہم کیا جارہا ہے۔
برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو کے البرٹ آئن اسٹائن اسپتال نے فٹبال کے'کنگ' کی حیثیت سے مشہور پیلے کی صحت کے حوالے سے کسی بھی قسم کی رپورٹ کی تصدیق کرنے سے انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے آفیشل بیان جاری کریں گے۔
گذشتہ روز اسپتال کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پیلے کو سانس میں انفیکشن کی تشخیص پر اسپتال منتقل کیا گیا، سابق فٹبالر کو انفیکشن سے صحت یابی کے لیے اینٹی بائیوٹک دی جارہی ہیں، پیلے کی حالت خطرے سے باہر ہے اور صحت میں معمولی بہتری بھی آرہی ہے تاہم وہ آنے والے دنوں میں اسپتال میں زیر علاج رہیں گے۔
خیال رہے کہ دنیا کے عظیم ترین فٹبالر سمجھے جانے والے پیلے تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جو تین ورلڈ کپ 1958، 1962 اور 1970 جیت چکے ہیں، 1977 میں ریٹائر ہونے والے پیلے حالیہ کچھ عرصے سے صحت کے مسائل سے دوچار ہیں۔ ستمبر 2021 میں ان میں بڑی آنت کا کینسر تشخیص کیا گیا تھا جس کے بعد وہ کئی روز اسپتال میں زیر علاج رہے تھے۔
دوسری جانب فٹبال ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی کرنے والے ملک قطر کے دارالحکومت دوحہ میں فٹبال اسٹیڈیم کے ٹاور کو پیلے کی صحت یابی کے نیک تمنا والے پیغام سے مزین کردیا گیا ہے۔