بیوی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے والا سفاک شوہر گرفتار

 کراچی: اورنگی ٹاؤن میں گھر کے اندر خاتون کی پراسرار ہلاکت پر پولیس نے شوہر کو گرفتار کرلیا۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ شوہر نے مبینہ طور پر اہلیہ کو پٹرول چھڑک کر آگ لگائی تھی جبکہ پولیس کو اطلاع دی گئی کہ جوسر مشین میں آگ لگنے کے باعث حادثاتی طور پر خاتون کی موت ہوئی ہے۔

پولیس کے مطاق اورنگی ٹاؤن کے علاقے پاکستان بازار عزیز نگر میں گھر کے اندر سے 23 سالہ دعا زوجہ جاوید کی لاش ملی تھی جوکہ پراسرار طور پر جھلس کر جاں بحق ہوگئی تھی، اہل خانہ نے واقعے کو چھپانے کی کوشش کی اور دعا کو کسی اسپتال میں نہیں لے کر گئے۔

ایس ایچ او پاکستان بازار انسپکٹر ریاض بھٹو نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر پولیس گھر میں پہنچی اور حالات و واقعات کا جائزہ لیا تو پورا معاملہ مشکوک لگا اور پولیس نے متوفیہ کے شوہر جاوید کو گرفتار کرلیا۔


ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے پٹرول چھڑک کر آگ لگائی جس سے دعا موقع پر ہی دم توڑ گئی۔


ملزم جاوید کے دعا کے ساتھ گھریلو تنازعات چل رہے تھے جس پر اس نے دعا کو جان سے مار دیا ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

Previous Post Next Post