ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے ساتھ کچھ برا ہونے یا قتل کا خطرہ بہت زیادہ ہے۔
ٹوئٹر اسپیسز میں آڈیو چیٹ کے دوران ایلون مسک نے یہ خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ کسی اوپن ائیر کار پریڈ کا حصہ نہیں بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 'میرے ساتھ کچھ برا ہونے یا مجھ پر فائرنگ کا خطرہ بہت زیادہ ہے، اگر آپ کی خواہش ہو تو کسی کو بھی مارنا ناممکن نہیں۔ توقع ہے کہ میرے ساتھ ایسا کچھ نہیں ہوگا مگر اس طرح کے خطرات موجود ہیں'۔
اس موقع پر انہوں نے آزادی رائے کے حق اور ٹوئٹر کے لیے اپنے مستقبل کے منصوبوں پر بھی بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسا مستقبل چاہتے ہیں جہاں ہمیں دبایا نہ جائے، جہاں ہماری رائے کو دبایا نہ جائے اور ہم بغیر کسی ڈر کے اپنی بات کرسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک آپ کسی کو نقصان نہ پہنچا رہے ہوں، آپ کو اپنی بات کہنے کا حق ہونا چاہیے۔
دنیا کے امیر ترین شخص نے کہا کہ انسانی تاریخ میں آزادی رائے کا حق عام نہیں تھا، تو ہمیں اس کے لیے سخت جنگ کرنا ہوگی۔