جیکولین فرنینڈس کو کاسمیٹک سرجری کے متعلق بیان مہنگا پڑ گیا

 ممبئی: معروف اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو سوشل میڈیا پر کاسمیٹک سرجری کے بارے میں دیے گئے بیان پر تنقید کا سامنا ہے۔



اداکارہ کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں انہیں ’مس سری لنکا‘ کے ایڈیشن 2006ء کے سوال جواب کے  سیشن میں بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔


جیکولین فرنینڈس نے کاسمیٹک سرجری کے بارے میں کہا کہ کاسمیٹک سرجری ایک غیر منصفانہ فائدہ ہے، یہ مقابلہ حسن کے پورے تصور کے خلاف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر بات کاسمیٹک سرجری کی حوصلہ افزائی کرنے کی جائے تو اس صورتحال میں تو یہ مسئلہ بھی ہے کہ کون اس طرح کی سرجری کروانے کا خرچہ برداشت کر سکتا ہے۔


سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے جیکولین فرنینڈس پر تنقید اس لیے کی جارہی ہے کہ جب وہ کاسمیٹک سرجری کو غیر منصفانہ فائدہ سمجھتی ہیں تو انہوں نے خود کاسمیٹک سرجری کیوں کروائی ہے۔


واضح رہے کہ 2006ء میں اداکارہ نے مس یونیورس سری لنکا کا تاج پہنا اور مس یونیورس 2006ء میں اپنے ملک کی نمائندگی بھی کی تھی۔

Previous Post Next Post