بالی وڈ کے سینئر اور معروف اداکار سنیل شیٹی سے ان کے پرانے دوست اور ساتھی اداکار اکشے کمار کی کامیابی سے متعلق سوال کیا گیا۔
اکشے اور سنیل نے تقریباً ایک ساتھ ہی اپنے کیرئیر کا آغاز کیا، اکشے کمار نے فلم 'سوگھند' سے 1991 جب کہ سنیل شیٹی نے 'بلوان' سے 1992 میں بالی وڈ میں قدم رکھا۔
دونوں اداکار وں کی کامیابیوں کا گراف کبھی ایک سا نا رہا اور دونوں نے ہی کئی فلموں میں ایک ساتھ اداکاری بھی کی۔
تاہم اب ایک انٹرویو کے دوران صحافی نے سنیل شیٹی سے سوال کیا کہ 'کیا آپ اکشے کی کامیابی کو دیکھ کر خود کو غیر محفوظ محسوس نہیں کرتے؟'
جواب میں سنیل شیٹی نے کہا ' میں ایسی چیزوں کو دل پر نہیں لیتا، میری اپنی ایک دنیا ہے جو بہت خوبصورت ہے، میں ان لوگوں میں سے ہوں جو ہمیشہ اور ہر حال میں خوش اور مطمئن رہتے ہیں '۔
ان کا کہنا تھا کہ 'میں غیر محفوظ نہیں ہوں، اکشے اور اجے دیوگن نے مجھے کافی انسپائر کیا، ان دونوں نے مجھے صرف فلموں میں نہیں بلکہ فوکس رہنے پر بھی متاثر کیا اور یقیناً زیادہ توجہ دینے سے آپ کچھ بھی حاصل کرسکتے ہیں'۔
خیال رہے کہ اکشے کمار اور سنیل شیٹی نے جن فلموں میں ساتھ کام کیا ان میں 'موہرا ، دھڑکن اور ہیرا پھیری سمیت کئی دیگر فلمیں شامل ہیں'۔