افغانستان کے درالحکومت کابل میں پاکستانی ناظم الامور پرحملے کے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ملزم پاکستانی سفارتخانے کے قریب عمارت کی آٹھویں منزل پررہائش پذیر تھا اور ملزم نے اپنے فلور کے تین کمروں میں آئی ای ڈیز بچھا رکھی تھیں۔
سفارتی ذرائع کا بتانا ہے کہ افغان سکیورٹی حکام کے پہنچنے پر ملزم نے رسی کی مدد سے چھلانگ لگانے کی کوشش کی تاہم اسے گرفتار کرلیا گیا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے اے کے 47رائفل، لانگ رینج خود کار رائفل، اسنائپررائفل سمیت دیگراسلحہ برآمد ہوا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق افغان سکیورٹی حکام نے ایک اور مشتبہ شخص کو بھی حراست میں لیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز افغان دارالحکومت کابل میں پاکستانی ناظم الامور پرقاتلانہ حملہ ہوا جس میں سکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا۔
سفارتی ذرائع کا کہناہے کہ کابل حملے میں زخمی سپاہی کو پشاور پہنچادیاگیا ہے۔
پاکستان نے افغان ناظم الامور کو طلب کرکے کابل میں ہیڈ آف مشن پر قاتلانہ حملے پر شدید احتجاج کیا اور واقعے کی تحقیقات اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔