ایران یوکرین جنگ میں روس کا سب سے بڑا فوجی شراکت دار ہے، برطانیہ

 لندن: برطانیہ کے وزیر دفاع نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرین جنگ میں خودکش ڈرون کی فراہمی کے بدلے میں روس اب ایران کو جدید ترین فوجی پرزے دے گا۔



عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر دفاع بین والیس نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ روس اور ایران اہم جنگی شراکت دار بن گئے ہیں اور یوکرین جنگ میں مددگار بھی ہیں۔


برطانوی وزیر دفاع نے مزید بتایا کہ 300 خودکش ڈرون کے بدلے میں روس اپنے جنگی اتحادی ایران کو جدید جنگی پُرزے فراہم کرے گا جس سے مشرق وسطیٰ اور عالمی سلامتی کو نقصان پہنچے گا۔

قبل ازیں یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے ایرانی وزیر خارجہ سے گفتگو میں فوری طور پر روس کی فوجی حمایت بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔


امریکا بھی ایران پر یوکرین جنگ میں روس کی فوج کی مدد کا الزام عائد کرچکا ہے۔


خیال رہے کہ ایران نے روس کو سیکڑوں خودکش ڈرون فراہم کرنے کا اعتراف کیا تھا تاہم اس کا کہنا تھا کہ یہ یوکرین جنگ سے بہت پہلے کی بات ہے اور اگر روسی فوج نے یہ ڈرونز یوکرین پر استعمال کیے تو شواہد دیئے جائیں۔


ایران کی جانب سے پہلے انکار اور بعد میں اعتراف کرنے پر برطانیہ، امریکا اور یورپی یونین نے ایرانی فوجی شخصیات اور دفاعی صنعت کاروں پر پابندیاں بھی عائد کی تھیں۔

Previous Post Next Post