کراچی میں کھیلا گیا پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔
کراچی ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کردی جس کے بعد نیوزی لینڈ کو باقی 15 اوورز میں 138 رنز کا ہدف ملا تھا۔
نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے تیز کھیل کر ہدف حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم 8 ویں اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 61 کے مجموعی رنز پر کم روشنی کے باعث کھیل ختم کردیا گیا اور یوں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔
پاکستان کی دوسری اننگز
نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 77 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے کیا، امام الحق 45 اور نائٹ واچ میچ نعمان علی 4 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
نعمان علی اپنا اسکور آگے بڑھانے میں ناکام رہے اور 4 رنز پر ہی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی صرف 14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور اش سودی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
کھانے کے وقفے پر امام الحق 81 اور سرفراز احمد 49 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، کھانے کے وقفے کے بعد سرفراز احمد نے اپنی ففٹی مکمل کی تاہم وہ 53 رنز بنا کر اش سودی کا شکار بن گئے۔
سلمان علی آغا بھی 6 رنز بنا کر اش سودی کی گیند پر بولڈ ہو گئے جبکہ امام الحق 96 رنز بنا کر اش سودی کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں اسٹمپڈ آؤٹ ہو گئے جبکہ محمد وسیم جونیئر بھی 43 رنز بنا کر سودی ہی کا شکار بنے۔
پاکستان نے اننگز ڈکلیئر کی تو سعود شکیل 55 اور میر حمزہ 3 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
دوسری اننگز میں گرین کیپس نے 8 وکٹوں کے نقصان پر311 رنز بنائے اور اسے کیویز پر مجموعی 137 کی برتری حاصل ہوئی۔
نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز
پاکستان کی جانب سے اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کرنے کے بعد نیوزی لینڈ کو باقی 15 اوورز میں 138 رنز کا ہدف ملا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے براس ویل اور کانوے نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ابتدا میں ہی براس ویل 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد کانوے اور لیتھم نے جارحانہ اننگز کھلیں اور تیز کھیل کر ہدف حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم 8 ویں اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 61 کے مجموعی رنز پر کم روشنی کے باعث کھیل ختم کردیا گیا اور یوں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔
لتھم 35 اور کانوے 18 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے ابرار نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اش سودھی نے میچ میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔
یاد رہے کہ کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 438 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز 612 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ پیر سے کراچی میں ہی شروع ہوگا۔