قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کی ٹرافی کون جیتے گا؟، 32 ٹیموں کے میگا ایونٹ میں آخری چار ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا۔
فٹبال ورلڈ کپ کی سیمی فائنل کی لائن اپ مکمل ہوگئی،پہلے سیمی فائنل میں ارجنٹینا اور کروشیا آمنے سامنے ہوں گے جبکہ دوسرا سیمی فائنل دفاعی چیمپئن فرانس اور مراکش کے درمیان کھیلا جائے گا۔
یورپ سے 2، جنوبی امریکا اور شمالی افریقا سے ایک، ایک ٹیموں کے درمیان ٹرافی کے لیے جنگ ہوگی، لیونل میسی کی ارجنٹینا ، لوکا موڈرچ کی کروشیا، فرانس کے مباپے اور مراکش کے اشرف حکیمی کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔
بدھ کو پہلے سیمی فائنل میں 2018 کی فائنلسٹ ٹیم کروشیا کا مقابلہ دو مرتبہ کی چیمپئن ارجنٹینا سے ہوگا، میسی کے پاس جرمنی کے ہاتھوں 2014 کے فائنل میں شکست کے بعد ٹائٹل جیتنے کا آخری موقع ہوگا، جبکہ کروشیا مسلسل دوسری مرتبہ میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کے لیے پُرامید ہے۔
دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو دفاعی چیمپئن فرانس اور پہلی بار ورلڈ کپ کےلاسٹ فور میں جگہ بنانے والا افریقی ملک مراکش کے درمیان کھیلا جائے گا۔