ورلڈکپ جیتنے کا خواب پورا کرنے والے لیونل میسی دنیا کے امیر ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔
امریکی جریدے فوربز کے مطابق گزشتہ سال لیونل میسی نے آن فیلڈ (فٹبال مقابلوں وغیرہ) سے ساڑھے 7 کروڑ ڈالرز کمائے۔
پیرس سینٹ جرمن میں کھیلنے کے لیے انہوں نے سالانہ ساڑھے 3 کروڑ ڈالر فیس کا معاہدہ کیا ہے یعنی ہر ماہ وہ 7 لاکھ 38 ہزار ڈالرز، روزانہ ایک لاکھ 5 ہزار ڈالرز جبکہ ہر گھنٹے 8790 ڈالرز کماتے ہیں۔
ارجنٹینا اسٹار کو گزشتہ سال موسم گرما میں پیرس سینٹ جرمن کا حصہ بننے پر ڈھائی کروڑ ڈالرز کی جوائننگ فیس بھی دی گئی تھی۔
مگر لیونل میسی صرف فٹبال کے میدان میں ہی نہیں کماتے بلکہ گزشتہ سال وہ اشتہارات اور دیگر ذرائع سے بھی ساڑھے 5 کروڑ ڈالرز کمانے میں کامیاب رہے۔
لیونل میسی کی ذاتی دولت کتنی ہے؟
سیلیبرٹی نیٹ ورتھ کے مطابق لیونل میسی اس وقت 60 کروڑ ڈالرز کے مالک ہیں۔
مگر فوربز کے مطابق اپنے کیرئیر کے دوران لیونل میسی ایک ارب 15 کروڑ ڈالرز کما چکے ہیں۔
اس وقت کھیلوں کی دنیا میں متحرک محض 3 ایتھلیٹ لی بورن جیمز، کرسٹیانو رونالڈو اور ٹائیگر ووڈز کے اثاثے ان سے زیادہ ہیں۔
اپنے پیسے کیسے خرچ کرتے ہیں؟
لیونل میسی کو پرتعیش گاڑیوں سے محبت ہے اور ان کے ذخیرے میں متعدد کلاسیک گاڑیاں موجود ہیں۔
ایک افواہ کے مطابق لیونل میسی نے ہی تاریخ کی سب سے مہنگی 1957 کی فراری 335 اسپورٹ اسپائیڈر 2016 میں 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز میں خریدی۔
ویسے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں بھی انہوں نے اس ماڈل کی ٹوائے گاڑی دکھاتے ہوئے کیپشن میں لکھا 'میری نئی گاڑی'۔
وہ متعدد جائیدادوں کے بھی مالک ہیں
لیونل میسی کی سب سے مہنگی جائیداد بارسلونا میں ہے جس کی مالیت 70 لاکھ ڈالرز ہے۔
یہ گھر ایسے علاقے میں واقع ہے جہاں پرواز کی اجازت نہیں جبکہ اس میں پول، انڈور جم، تھیٹر اور دیگر سہولیات بھی موجود ہیں۔
اس کے علاوہ ارجنٹینا اور امریکا میں بھی وہ جائیدادوں کے مالک ہیں۔
متعدد ہوٹل بھی ان کی ملکیت میں ہیں
2017 میں لیونل میسی نے ہوٹل چین MiM Hotels کو خریدا تھا جس کے اسپین کے مختلف علاقوں میں ریزورٹ موجود ہیں۔
ذاتی طیارہ
لیونل میسی نے دنیا کے سفر کے لیے اپنا طیارہ بھی خریدا ہوا ہے۔
2004 گلف اسٹریم وی پرائیویٹ جیٹ میں 16 مسافر سفر کرسکتے ہیں۔
اس طیارے کے پچھلے حصے میں نمبر 10 لکھا ہوا ہے جو ان کی فٹبال جرسی کا بھی نمبر ہے جبکہ لیونل میسی اور ان کی اہلیہ سمیت بچوں کے نام بھی درج ہیں۔
فلاحی سرگرمیاں
دنیا بھر میں بچوں کی مدد کے لیے لیونل میسی فاؤنڈیشن کا قیام 2007 میں یونیسیف کے اشتراک سے عمل میں آیا تھا۔
2017 میں لیونل میسی نے اپنی دولت سے فاؤنڈیشن کو عطیہ دیا تھا تاکہ شام میں 1600 یتیم بچوں کے لیے کلاس رومز کی تعمیر کی جاسکے۔
2019 میں ان کی فاؤنڈیشن میں کینیا کے شہریوں کو خوراک اور پانی کی فراہمی کے لیے 2 لاکھ 18 ہزار ڈالرز کا عطیہ دیا۔
فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ پر لیونل میسی کا ایک بیان موجود ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ 'کسی بچے کے چہرے پر مسکراہٹ لانا مجھے پرجوش کردیتا ہے، اسی وجہ سے میں نے لیو میسی فاؤنڈیشن کے قیام کا فیصلہ کیا اور میں بچوں کو خوش رکھنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا'۔