کراچی: بالی ووڈ کنگ شاہ رُخ خان اور دیپیکا پڈوکون کی نئی فلم ’پٹھان‘ کا گانا پاکستانی گلوکار سجاد علی کے گانے کا چربہ نکلا۔
پاکستانی گانے اور دھن چرانے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے بھارت نے ایک مرتبہ پھر اپنی آنے والی نئی فلم پٹھان میں پاکستانی گلوکار سجاد علی کے 26 سال پرانے گانے کی دھن شامل کر لی۔
سجاد علی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ وہ یوٹیوب پر نئے گانے سُن رہے تھے کہ ان کو بھارت کا ایک نیا گانا سُن کر اپنا 25 سے 26 سال پرانا گانا یاد آگیا۔
سجاد علی نے ویڈیو پیغام میں اس گانے کی دھن بھی بجائی اور گانا گا کر بھی سُنایا جس کو سن کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ’بےشرم‘ رنگ پاکستانی گانے کی دھن کو نقل کر کے بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر پہلے ہی دیپیکا اور شاہ رُخ خان کی فلم پٹھان کے اس گانے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
گانے میں دیپیکا کے لباس پر تنقید کی گئی ہے جبکہ اس گانے کو ہالی ووڈ کے گانے کی نقل بھی کہا جارہا ہے۔